لکھنؤ، 28؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید نے بھارت جوڑویاترا کو لے کر راہول گاندھی کا تقابل رام سے کرتے ہوئے انہیں ”سوپر ہیومن“ اور ”تپسیا کرنے والایوگی“ قراردیا ہے جس پر بی جے پی کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
اپنے ریمارکس پر اٹل سلمان خورشید نے منگل کو کہا کہ بھگوان کے ساتھ کسی کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، لیکن میں ان لوگوں کی تعریف کرتا ہوں جو خدا کے راستے پر چلتے ہیں - انہوں نے سوال کیا کہ اگر کوئی کسی اچھے کام کیلئے’تپسیا‘کرتا ہے، اگر ہم کسی کے رویے میں ’مریادا پرشوتم‘ دیکھتے ہیں، تو کیا ہم اس کی تعریف نہیں کر سکتے؟
درحقیقت پیر کو مراد آباد سرکٹ ہاؤس پہنچے سلمان خورشید نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی صلاحیت کو لامحدود قرار دیتے ہوئے انہیں نہ صرف یوگی اور سپر ہیومن قرار دیا، بلکہ مبینہ طور پردیومالائی بھگوان ’رام‘ سے راہل گاندھی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریسی ان کی ’کھڑاؤں‘ لے کر چل رہے ہیں -راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا یوپی میں بڑے پیمانے پر نہ آنے کے سوال پر خورشید نے کہا تھا کہ’رام‘ ہر جگہ نہیں جا سکتے، جب کہ ان کی کھڑاؤں دور دور تک جاتی ہے- ہم (کانگریس) ان کے کھڑاؤں لے کر چل رہے ہیں -کھڑاؤں اتر پردیش میں آچکی ہے، تو’رام جی‘بھی آجائیں گے- سلمان خورشید نے کہاکہ راہل گاندھی ایک یوگی کی طرح تپسیا کر رہے ہیں - راہل گاندھی کی صلاحیت لامحدود ہے-